برطرف برطانوی وزیر داخلہ سویلا بریورمین کا استعفیٰ سامنے آگیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سویلا بریورمین نے وزیراعظم رشی سونک پر ان کے منصوبوں کی ناکامی کا الزام عائد کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بریورمین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کشتیوں کے ذریعے آنے والوں کو روکنے کا وعدہ کیا لیکن دھوکہ کیا، رشی سونک اپنے وعدے پورے کرنے کے قابل ہی نہیں یا ان کا ارادہ ہی نہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں ہمیں مسلسل شکست ہورہی ہے، منصوبے ناکام ہورہے ہیں، رشی سونک معاملات کو منظم کرنے میں ناکام رہے۔
سویلا بریورمین نے کہا کہ اب زیادہ وقت نہیں، ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ رشی سونک سڑکوں پر بڑھتی انتہاپسندی اور یہودی مخالفت کو چیلنج کرنے میں ناکام رہے، ہیٹ مارچز پر پابندی لگانے، تعصب کی بڑھتی لہر کو روکنے کیلئے قانون سازی پر زور دیتی رہی۔
بریورمین کا کہنا ہے کہ ایک برس غیرقانونی مائیگریشن ایکٹ بنانے پر ضائع کیا گیا، مائیگریشن ایکٹ کا مقصد غیرقانونی تارکین کی آمد کو روکنا تھا، اب معاملہ وہیں پہنچ گیا ہے جہاں سے شروع کیا تھا۔
واضح رہے کہ میٹ پولیس پر متعصب ہونےکا الزام لگانے والی ہوم سیکریٹری سویلا بریورمین کو رشی سونک نے برطرف کیا تھا۔