غزہ میں شفا اسپتال پر حملے کے خلاف واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس (امریکی ایوانِ صدر) کے سامنے مظاہرین نے جمع ہو کر احتجاج کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مظاہرین نے نعرے لگائے کہ بائیڈن تم چھپ نہیں سکتے، تم قتلِ عام کے ذمے دار ہو۔
اسرائیلی فوج کی شفا اسپتال کے بیسمنٹ کی تلاشی
دوسری جانب غزہ سٹی میں اسرائیلی فوج شفا اسپتال کے بیسمنٹ تک پہنچ گئی۔
ترجمان شفا اسپتال کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیسمنٹ کی تلاشی شروع کر دی ہے جبکہ اسپتال کے اوپر اسرائیلی فضائیہ کی پروازیں بھی جاری ہیں۔
شفا اسپتال کے ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر منیر باریش کا کہنا ہے کہ اپنا دفتر چھوڑ کر باہر نہیں جاؤں گا۔
غزہ کے ڈی جی صحت کا کہنا ہے کہ شفا اسپتال میں محفوظ راہداری سے گزرنے والوں پر اسرائیلی اہلکاروں نے فائرنگ کی ہے۔
جوبائیڈن کیخلاف مقدمہ
علاوہ ازیں امریکا کے صدر جوبائیڈن اور ان کی کابینہ کے 2 افراد کے خلاف غزہ میں نسل کشی کو روکنے میں ناکامی اور اس میں ملوث ہونے پر مقدمہ بھی دائر کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ مقدمہ امریکا میں انسانی حقوق کے ایک گروپ کی جانب سے دائر کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر کے ساتھ ان کے وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن اور وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن کے خلاف دائر کی گئی ایک شکایت میں ان پر اسرائیلی حکومت کی غزہ میں نسل کشی کو روکنے میں ناکامی اور اس میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو جنوبی اسرائیل میں حماس کے جوابی حملے کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی حکومت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا تھا۔