غزہ میں ہونے والی شدید بارش بےگھر فلسطینیوں کے لیے مشکل کا باعث بن گئی۔ جس کی وجہ سے اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں تباہ ہونے والے گھروں کے ملبوں اور عارضی خیموں میں بےسروسامان فلسطینیوں کے لیے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔بارش کی وجہ سے بیماریوں کے زیادہ تیزی سے پھیلنے کا خدشہ ہے۔خان یونس میں اقوام متحدہ کے بےگھر فلسطینیوں کے لیے قائم خیمے میں رہنے والے لوگوں نے رات کو کپڑے سوکھنے کے لیے لٹکائے تھے لیکن موسلادھار بارش کے نتیجے میں وہ سب کپڑے بھیگ گئے۔خیمے میں رہنے والی فائزہ سرور نے کہا ‘پہلے ہم کنکریٹ سے بنے گھروں میں رہتے تھے۔ اب ہم ایک خیمے میں ہیں اور خیمے سیلاب کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔’عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ ہفتے غزہ میں بیماریوں کے پھیلنے کے خدشے کو ظاہر کیا تھا۔ عالمی ادارہ صحت نے واضح کیا تھا کہ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے ہسپتالوں کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ فلسطینیوں کو پینے کے لیے پانی بھی میسر نہیں ہے اور وہ خیموں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں کہ ان کے گھر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں تباہ ہوچکے ہیں۔