ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے پاکستان کے نئے کپتان کا انتخاب کر لیا گیا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ آسٹریلیا سے قبل اہم فیصلوں کے نفاذ کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈکپ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس حوالے سے سب سے پہلے سلیکشن کمیٹی پی سی بی کا شکار بنی، جسے منگل کے روز فارغ کر دیا گیا۔ جبکہ اگلی باری قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف اور پھر کپتان کی بتائی جا رہی ہے۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں شکست کے بعد بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔جبکہ آئندہ سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کے نئے کپتان کا نام بھی سامنے آ گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بابر اعظم کو پی سی بی نے تینوں طرز کی کرکٹ ٹیموں کی کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی مینیجنگ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف اور بابر اعظم کے درمیان بدھ کے روز ملاقات کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی بابر اعظم کو خود کپتانی سے الگ ہونے کی آپشن دے گا، تاہم اگر بابر اعظم خود سے کپتانی چھوڑنے کا اعلان نہیں کرتے، تو اس صورت میں پاکستان کرکٹ بورڈ خود کپتانی سے ہٹانے کا اعلان کرے گا۔ بتایا گیا ہے کہ دورہ نیوزی لینڈ اور آئندہ سال ورلڈکپ کیلئے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کیلئے شاہین آفریدی فیورٹ ہیں۔ جبکہ دورہ آسٹریلیا کیلئے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کیلئے شان مسعود فیورٹ امیدوار ہیں۔ اس حوالے سے حتمی اعلان ایک سے دو روز میں متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق کپتانی سے ہٹائے جانے کے باوجود بابر اعظم تینوں طرز کی کرکٹ ٹیموں کا حصہ برقرار رہیں گے۔