بھارت میں جاری 13 ویں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ میزبان بھارت ، جنوبی افریقا ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ آج میزبان ٹیم بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین وانکھیڈے سٹیڈیم ، ممبئی میں کھیلا جارہا ہے ، میچ ایک بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا اور ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔
پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے روڈ ٹکر اور انگلینڈ کے رچرڈ النگورتھ فیلڈ امپائر ہوں گے ،تھرڈ امپائر ویسٹ انڈیز کے جوئل ولسن ہوں گے ،جنوبی افریقا کے ایڈرین ہولڈ سٹاک چوتھے امپائر ہوں گے جبکہ زمبابوے سے تعلق رکھنے والے اینڈریو پائیکرافٹ میچ ریفری ہوں گے۔بھارتی ٹیم جارح مزاج بیٹر روہت شرما کی زیر قیادت میدان میں اترے گی اور انہیں ویرات کوہلی ، محمد شامی ، روندرا جدیجا ، جسپریت بمرا ، شبمان گل جیسے بہترین کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں ۔ نیوزی لینڈ کو مایہ ناز بلے باز کین ولیمسن لیڈ کریں گے دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں ٹرینٹ بولٹ ، مارک چیپ مین ، ڈیرل مچل ، گلین فلپس اور ٹم ساودی شامل ہیں ۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل 16 نومبر کو جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان ایڈن گارڈنز ، کولکتہ میں کھیلا جائے گا ۔ جنوبی افریقا کی ٹیم ٹمبا باووما کی قیادت میں میدان میں اترے گی ، دیگر اہم کھلاڑیوں میں کوئنٹن ڈی کوک ، راسی وین ڈر ڈاسن ، ایڈن مارکرم ، جیرالڈ کوٹزی ، لنگی نیگیڈی اور ہینرچ کلازن شامل ہیں ۔ آسٹریلیا کو مایہ ناز آل رائونڈر پیٹ کمنز لیڈ کریں گے اور انہیں ڈیوڈ وارنر ، مچل مارش ، مچل سٹارک ، سٹیو سمتھ ، گلین میکسویل ، جوش ہیزل ووڈ جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں ۔ دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے رچرڈ کیٹلبرو اور بھارت سے تعلق رکھنے والے نتن مینن فیلڈ امپائر ہوں گے ، نیوزی لینڈ کے کرس گفانے تھرڈ اور برطانوی مائیکل گف فورتھ امپائر ہوں گے۔بھارت کے جاواگل سری ناتھ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے سیمی فائنل میچ میں میچ ریفری ہوں گے۔ میگا ایونٹ کا فائنل 19 نومبر بروز اتوار کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔