پاکستانی اداکارہ روبینہ اشرف نے لڑکیوں کو کامیاب شادی شدہ زندگی گزارنے کا راز بتاتے ہوئے ابتدائی 10 برسوں کو خواتین کی سرمایہ کاری کے سال قرار دے دیا۔
نجی چینل کے مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کرنے والی اداکارہ روبینہ اشرف نے نئی شادی شدہ لڑکیوں کو کامیاب شادی شدہ زندگی گزارنے کے لیے چند تجاویز دے دیں۔
دوران شو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی شادی شدہ لڑکی کے لیے 4 چیزیں سمجھنا انتہائی ضروری ہے، پہلا اس کا گھر، دوسرا اس کا سسرال، تیسرا اس کا شوہر اور چوتھا اس کے بچے اوّلین ترجیح ہوں، یہی اس کے کام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شادی کے پہلے 10 سال کے لیے لڑکیوں کو سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے، اگر وہ صحیح طریقے سے اس میں سرمایہ کاری کریں گی تو یقیناً عمر کے اُس حصے میں اس کا پھل حاصل کریں گے جب انہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہو گی۔
انہوں نے والدین کو مخاطب کر کے بچوں کی پرورش کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ والدین اپنے بچوں کو ضرورت سے زیادہ توجہ، محبت، دیکھ بھال اور آسانیاں فراہم کر کے انہیں غلط پیغام دے رہے ہیں کہ وہ کوئی بہت خاص اور سب سے الگ ہیں۔
روبینہ اشرف نے کہا کہ اس طرح وہ اپنے آپ کو سب سے بہتر اور خاص محسوس کرنا شروع کر دیں گے اور جب وہ بڑے ہوں گے تو ان کے لیے سب سے اہم ان کی اپنی ذات ہی ہو گی اور وہ والدین یا معاشرے کے کسی دوسرے شخص کی پرواہ نہیں کریں گے کیونکہ یہ بات والدین نے انہیں کبھی سکھائی ہی نہیں ہو گی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمیں اپنے بچوں کو سکھانا چاہیے کہ جیسے ہم ان کی ضرورتوں اور جذبات کا خیال رکھتے ہیں ویسے انہیں بھی چاہیے کہ جب ہمیں ان کی ضرورت ہو تو وہ موجود ہوں اور جانتے ہوں کہ صورتِ حال کو کس طرح سنبھالنا ہے۔