نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نے چیف الیکشن کمشنر کو کے پی کے میں انتخابات کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔
جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نے کہا کہ کے پی کے میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سیکیورٹی کی صورتِ حال کو مدِ نظر رکھ کر پُرامن انتخابات کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں، ووٹرز کے تحفظ کو اوّلین فوقیت دی جائے۔
سکندر سلطان راجہ نے یہ بھی کہا کہ انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے جلد الیکشن کمیشن کے پی کے کا دورہ کرے گا اور اس دورے میں تمام تیاریوں کو بغور دیکھا جائے گا۔