غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت پر کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو اور ان کے اسرائیلی ہم منصب بن یامین نیتن یاہو کے درمیان سوشل میڈیا پر مکالمہ ہوا ہے۔
کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹس ٹروڈو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کو چاہیے کہ غزہ میں اپنے فوجی آپریشن کو لگام دے، غزہ میں عورتوں، بچوں اور شیرخواروں کی ہلاکتیں دیکھ رہے ہیں، یہ سب رکنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی المیہ، خصوصاً الشفا اسپتال کے واقعات دل کو جھنجھوڑنے والے ہیں، جنگ کے بھی کچھ اصول ہوتے ہیں، اسرائیلی ہوں یا فلسطینی، ہر معصوم زندگی برابر ہوتی ہے۔
کینیڈین وزیراعظم نے اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا کہ حتی الامکان تحمل کا مظاہرہ کرے۔
جسٹن ٹروڈو کے بیان پر اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے اپنے کینیڈین ہم منصب کو جواب دے دیا۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم نے جسٹن ٹروڈو کو سوشل میڈیا پر ہی جواب دیتے ہوئے لکھا کہ حماس نے جو کچھ کیا وہ یہودیوں کے ساتھ ہولوکاسٹ کے بعد سب سے بڑا ظلم ہے، اسرائیل عام شہریوں کو خطرے کی راہ سے ہٹانے اور حماس خطرے کی راہ پر ڈالنے میں لگی ہے، اسرائیل نے غزہ کے لیے انسانی امداد کا کوریڈور کھولا۔