نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے ساتھ این آئی سی وی ڈی کا دورہ کیا ہے۔
جسٹس (ر) مقبول باقر اور محسن نقوی نے اسپتال میں مریضوں سے ملاقات کی، دونوں وزرائے اعلیٰ نے ایمرجنسی میں ڈیوٹی افسران سے بھی بات کی۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ مقبول باقر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نہ روبوٹس کی خریداری کی منظوری دی اور نہ ہی ٹینڈر کیا، روبوٹس کا ٹینڈر گزشتہ حکومت نے کیا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم آئینی طور پر گزشتہ حکومت کا ٹینڈر منسوخ نہیں کر سکتے تھے، ٹینڈر نگراں وزیرِ صحت نے منسوخ کیا، ہم جائزہ لے رہے ہیں کہ جس روبوٹ کی قیمت کم ہو وہ لیا جائے۔
جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے یہ بھی کہا ہے کہ نگراں وزیرِ صحت سندھ سے کوئی جھگڑا نہیں ہے۔
دوسری جانب نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ این آئی سی وی ڈی ایک بہترین ادارہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ این آئی سی وی ڈی آنے کا مقصد اس کی سہولتوں کا جائزہ لینا تھا، سندھ کے این آئی سی وی ڈی سے میں مطمئن ہوں، ایسا ادارہ پنجاب میں بھی ہونا چاہیے۔