بھارتی لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے ویرات کوہلی سے پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے ان کی تعریف کردی۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے اپنی 50 ویں سنچری مکمل کرکے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا۔
کوہلی نے 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 113 گیندوں پر 117 رنز بنائے۔
بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے یہ سنگ میل اپنے 291 ویں ون ڈے میں عبور کیا۔ وہ ون ڈے کیریئر میں 50 سنچریاں اور 71 ففٹیز اسکور کر چکے ہیں۔
جس کے بعد سچن ٹنڈولکر نے اپنے پیغام میں ویرات کوہلی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ سے میری پہلی ملاقات بھارتی کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم میں ہوئی تھی، اس وقت ساتھی کھلاڑیوں نے ساتھ مذاق کرتے ہوئے میرے پاؤں چھونے کا کہا تھا، اس وقت میں اپنی ہنسی نہیں روک پایا تھا۔
سچن ٹنڈولکر نے مزید کہا کہ مگر بہت جلد ہی آپ نے اپنی صلاحیتوں اور جذبے سے میرے دل کو چھو لیا، میں بہت خوش ہوں کہ وہ نوجوان لڑکا ’ویرات‘ اب بڑا کھلاڑی بن گیا ہے۔
لیجنڈ کرکٹر نے مزید کہا کہ میرے لیے اس سے زیادہ خوشی کی بات نہیں ہوسکتی کہ ایک ہندوستانی کھلاڑی نے ایک بڑے میچ میں میرے ہوم گراؤنڈ پر ہی میرا ریکارڈ توڑا ہے۔