پنجاب میں فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کے بغیر گاڑیوں کی موٹروے اور ہائی ویز پر داخلے پر پابندی لگادی گئی۔
پنجاب حکومت، نیشنل ہائی ویز اور موٹروے پولیس کے درمیان اہم معاہدے (ایم او یو) پر دستخط ہوگئے۔
لاہور میں ہونے والے معاہدے کی تقریب میں نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔
معاہدے کے مطابق ایکسل لوڈ رجیم پر بھی سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا، زائد وزن والے ٹریلر موٹروے اور ہائی ویز میں داخل نہیں ہوں گے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ معاہدہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے لیے خوش آئند ہے، غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشاؤں کو فری رجسٹریشن کےلیے ایک ماہ دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فری رجسٹریشن کی مدت گزرنے پر غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشا روڈ پر نہیں آنے دیں گے۔
اس موقع پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے کہا کہ لاہور میں الیکٹرک بسیں چلانے کے لیے ضروری امور طے کرلیے گئے ہیں۔