بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کی جانب سے سنچریوں کا عالمی ریکارڈ بنانے پر سربیا کے ٹینس سپر اسٹار نے بھی مبارکباد دی ہے۔
ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دی۔
اس میچ میں ویرات کوہلی نے 117 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے اپنے کیریئر کی 50ویں سنچری بنائی۔
اس سنچری کے ساتھ ہی انہوں نے بھارت کے لیجنڈری بلے باز سچن ٹنڈولکر کا سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ سچن ٹنڈولکر نے اپنے ون ڈے کیریئر میں 49 سنچریاں بنائی تھیں۔
ویرات کوہلی کے اس زبردست سنگ میل پر ٹینس کی دنیا کے سپر اسٹار کھلاڑی نوواک جوکووچ بھی بھارتی بیٹر کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
فوٹوز اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اسٹوری پر جوکووچ نے ویرات کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے انکی سنچری سے متعلق ایک گرافیکل امیج بھی شیئر کی۔