امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز کے ساتھ ملتان میں دربارِِ حضرت شمس تبریز اور بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کا دورہ کیا ہے۔
اس موقع پر ڈونلڈ بلوم کو دربارِ حضرت شاہ شمس تبریز پر جاری ترقیاتی کام پر بریفنگ دی گئی۔
ڈونلڈ بلوم نے قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز کے ہمراہ وائس چانسلر زکریا یونیورسٹی سے ملاقات کی۔
امریکی سفیر نے سینٹرل لائبریری میں قائم لنکن کارنر میں طلبا و طالبات سے ملاقات کی۔
ڈونلڈ بلوم نے لنکن کارنر میں موجود طلبا و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا جنوبی پنجاب کا پہلا دورہ ہے، امریکا پاکستان کے ساتھ تعلیم کے شعبے میں تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں، لنکن کارنر منصوبہ بھی تعلیمی شعبے میں فروغ کا مظہر ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کرسٹن ہاکنز نے کہا کہ مجھے امریکی قونصل جنرل لاہور تعینات ہوئے ڈھائی ماہ ہوا ہے، جنوبی پنجاب میں ملتان تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی قونصل جنرل لاہور جنوبی پنجاب میں کلچر اور تعلیم و تجارت میں فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔