بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کاجول نے اپنی ہٹ فلم’بازی گر‘ کی ریلیز کے 30 سال مکمل ہونے پر ایک خصوصی پوسٹ شیئر کی ہے۔
کاجول نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فلم’بازی گر‘ کے سیٹ پر لی گئی کچھ یادگار تصاویر شیئر کی ہیں۔
اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ فلم’بازی گر‘ کو ریلیز ہوئے 30 سال مکمل ہو گئے، اس فلم کے سیٹ پر بہت سے لوگوں سے میری پہلی بار ملاقات ہوئی، میں نے سروج جی کے ساتھ پہلی بار اس فلم میں کام کیا، اس فلم کے سیٹ پر شاہ رخ خان سے پہلی بار ملاقات ہوئی، اسی فلم کے دوران میں پہلی بار انو ملک سے ملی اور جب اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز ہوا تو میں 17 سال کی تھی۔
اداکارہ نے لکھا ہے کہ شوٹنگ کے دوران میرے ساتھ عباس بھائی اور مستان بھائی نے بالکل اپنے ایک پسندیدہ بچے کی طرح سلوک کیا اور میں زاویار تھومس، جونی لیور اور شلپا شیٹی کو کیسے بھول سکتی ہوں۔
اُنہوں نے لکھا کہ اس فلم سے بہت ساری اچھی یادیں اور نہ رکنے والی ہنسی جڑی ہوئی ہے۔
کاجول نے اپنی پوسٹ کے آخر میں یہ لکھا ہے کہ اس فلم کا ہر گانا اور مکالمہ میرے چہرے پر آج تک مسکراہٹ لاتا ہے۔