پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نئے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹیم کی قیادت ملنے کو باعث فخر قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے خوشی کا اظہار کیا اور لکھا ہے کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت میرے لیے باعثِ فخر ہے اور میں پُرجوش ہوں۔
انہوں نے ٹیم کی قیادت ملنے پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور شائقین کے اعتماد اور حمایت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
شاہین شاہ آفریدی نے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ میں ٹیم اسپرٹ کو برقرار رکھنے اور قوم کا نام روشن کرنے کی پوری کوشش کروں گا، ہماری کامیابی اتحاد، اعتماد اور انتھک محنت میں ہے، ہم صرف ایک ٹیم نہیں ہیں، ایک خاندان کی طرح ہیں اور ہم سب مل کر ایک ساتھ آگے بڑھیں گے۔