بین الاقوامی دہشتگردی اور سلامتی کو درپیش دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور روس کے مشترکہ ورکنگ گروپ کا دسواں اجلاس منعقد ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس کی مشترکہ صدارت ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ سفیر سید حیدر اور روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ورشینن نے کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں افغانستان، وسطی اور جنوبی ایشیا و شمالی افریقہ کے حالات، عالمی اور علاقائی دہشتگردی کے خطرات پر گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے اپنی اپنی قومی حکمت عملیوں اور اقدامات کا خاکہ پیش کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور روس نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قومی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ترجمان نے کہا کہ یہ اجلاس پاکستان اور روس کے دو طرفہ انسداد دہشتگردی تعاون کے پس منظر میں باقاعدہ تبادلوں کا حصہ تھا۔
فریقین نے دہشتگردی سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور روس نے دہشتگردی کی مالی معاونت سے نمٹنے اور انسداد دہشتگردی کے دیگرشعبوں میں مل کر کام کرنے کا عزم کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور روس کے ورکنگ گروپ کا اگلا اجلاس 2024 میں ہوگا۔