اسرائیلی مشیرِ قومی سلامتی نے کہا ہے کہ غزہ میں ایندھن کے ٹینکر بھیجنے کا فیصلہ امریکا کی درخواست پر کیا گیا ہے۔
اسرائیلی مشیرِ قومی سلامتی کا کہنا ہے کہ غزہ کے لیے ایندھن کے ٹینکر کی فراہمی کی منظوری اقوامِ متحدہ کے اداروں کی ضرورت کے پیشِ نظر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ غزہ کے لیے یومیہ ایندھن کے 2 ٹینکر بھیجے جانے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ یرغمالیوں کی بڑی تعداد کی رہائی تک عارضی جنگ بندی پر رضامند نہیں ہوں گے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ جنوبی غزہ سمیت پورے غزہ میں حماس کے اہداف کو نشانہ بنائیں گے، زیرِ زمین انفرااسٹرکچر کا پتہ لگانے کے لیے الشفاء اسپتال میں آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
علاوہ ازیں غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہداء کی تعداد 12 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں زخمیوں کی تعداد 30 ہزار سے بھی زیادہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں 5 ہزار بچے اور 3300 خواتین شہید ہوئیں جبکہ 1800 بچوں سمیت تقریباً 4 ہزار فلسطینی لاپتہ ہیں اور متعدد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔