وفاقی حکومت نے 19 رکنی صنعتی مشاورتی کونسل تشکیل دے دی۔
نگراں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار گوہر اعجاز کو انڈسٹریل ایڈوائزری کونسل کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
وزارت صنعت و پیداوار نے صنعتی مشاورتی کونسل کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انڈسٹریل ایڈوائزری کونسل میں نجی شعبے سے 12 ارکان جبکہ 6 سرکاری اراکین بھی شامل ہوں گے۔
کونسل میں نجی شعبے سے محمد علی ٹبہ، فواد احمد مختار، رضا منشا، عامر فیاض شیخ، وقار احمد ملک، عبد الصمد داؤد، احسن بشیر اور سمیر چنائے شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کونسل میں تمام صوبائی چیف سیکریٹریز بشمول چیف سیکریٹری آزاد کشمیر و گلگت بلتستان بھی شامل ہوں گے۔
سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری تجارت، سیکریٹری صنعت و پیداوار، چیئرمین ایف بی آر اور جوائنٹ سیکرٹری صعنت و پیداوار بھی ارکان شامل ہوں گے۔
جوائنٹ سیکریٹری صعنت وپیداوار بھی شامل ہیں، جو کونسل کے سیکریٹری کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت کا عام انتخابات سے قبل پہلی صنعتی پالیسی لانے کا منصوبہ ہے، صنعتی پالیسی کے لیے تمام شعبوں سے تجاویز لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع نے کہا ہے کہ پائیدار ملکی معاشی ترقی کے لیے جاندار صنعتی پالیسی تشکیل دی جائے گی، مقصد صنعتوں کو 100 فیصد پیداواری صلاحیت پر چلانا ہے، انڈسٹریل ایڈوائزری کونسل میں ملک کے نامور صنعتکاروں کو شامل کیا گیا ہے، کونسل کی رپورٹ کی روشنی میں پالیسی کو حتمی شکل دی جائے گی۔