لاہوراسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ فلسطین کی موجودہ صورتحال میں مسلمان حکمرانوں نے جس بے حسی کا ثبوت دیا، اسلامی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ غزہ پر بمباری کو 43 روز گزر گئے۔ اسرائیلی افواج نے چارہزار بچے، تین ہزار سے زائد خواتین شہید کر دیں۔ اب تک 12ہزار سے زائد فلسطینی جان کی بازی ہار چکے، تین ہزار ملبے تلے دفن ہیں۔ اس تباہی اور ظلم و سفاکیت کے بیچ اسلامی سربراہی کانفرنس کا اجلاس ہوا جس میں امریکا جو اسرائیل کی سرپرستی کر رہا ہے سے ہی جنگ بندی کرانے کی اپیل کی گئی۔ اعلامیہ محض نرم الفاظ پر مشتمل تھا جس کا صہیونی ریاست پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ غزہ کے حوالے سے پاکستان کے حکمرانوں اور سیاسی جماعتوں کا کردار بھی خاموشی کے زمرے میں آتا ہے۔ یہ سب امریکا کو ناراض نہیں کرنا چاہتے۔ اس ساری صورتحال میں ملک میں جماعت اسلامی اہل فلسطین کے لیے بھرپور آواز اٹھا رہی ہے۔ ہم اتوار لاہور میں تاریخی اور فقید المثال غزہ مارچ کا انعقاد کریں گے۔ یہ اجتماع جہاں ایک طرف اہلیان غزہ کے لیے پیغام ہوگا کہ پاکستانی قوم ان کی پشتیبان ہے وہیں پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کے حکمرانوں سے اس پرزور مطالبہ کا اظہار بھی ہوگا کہ مظلوموں کو بچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ آنے والوں کا انتظار اور استقبال کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔