دنیا بھرمیں فلسطینیوں پراسرائیلی ظلم وستم کے خلاف احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ۔مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں نہتے فلسطینیوں کا قتل عام جاری ہے ، صیہونی فورسز شہروں کو کھنڈرات میں بدل رہی ہیں ، غزہ پر حملوں کے خلاف اور فلسطین کے حق میں دنیا بھر میں لاکھوں افراد کے مظاہرے جاری ہیں۔خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت تہران اور دیگر شہروں میں مظاہرین نے غزہ کے محصور اور ظلم و ستم کے شکار بچوں سے اظہار یک جہتی کیا اور فلسطین تنہا نہیں ہے ! کے نعرے لگائے، مظاہرین نے فلسطینی پرچم اور بینرز تھامے احتجاج کیا۔برطانیہ، یونان اور سپین سمیت کئی یورپی شہروں میں مظاہرین نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔لبنان، بحرین اور یمن میں بھی اسرائیلی جارحیت کیخلاف احتجاج کیا گیا ۔پیرس میں فلسطین کے حق میں ریلی نکالی گئی ، مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔برلن میں غزہ کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا گیا اور مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹروں کا قتل عام بند کرو۔فرانس کے مختلف علاقوں میں بھی غزہ کے حق میں مظاہرے کیے گئے۔رپورٹس کے مطابق واشنگٹن ڈی سی کے یونین اسٹیشن پر بھی ’غزہ، غزہ‘ کے نعرے لگائے گئے، شکاگو ٹریبیون آفس کے سامنے مظاہرین نے فلسطینی شہداء کے نام سے بھرے پوسٹر کے ساتھ احتجاج کیا۔دنیا بھر میں ہونیوالے ان مظاہروں میں شریک افراد نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انسانوں کے ساتھ جانوروں سے بدترسلوک کسی صورت قابل قبول نہیں ، مظاہرین نے اسرائیلی بربریت کو فلسطینیوں کی نسل کشی قراردےدیا۔