راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدحسان حسیب الرحمن نے کہا ہے عشقِ رسول ہی وہ قوت ہے جس سے کائنات تسخیر کی جا سکتی ہے۔ اتباعِ رسولِ مقبول میں وہ تاثیر ہے اس سے انقلاب بر پا ہوتے ہیں، احترامِ انسانیت کا جذبہ بڑھتا ہے اور مخلوقِ خدا کی بھلائی کا ذوق پیدا ہوتا ہے۔ وہ سیالکوٹ میں شہید حضرت امام علی الحق ؒ کے عرس کے موقع پر منعقدہ سیرت النبی کانفرنس کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ، صدارت پیر محمد نقیب الرحمن نے کی۔انہوںنے مزید کہا پاکستان کی اساس ہی عشقِ رسول ہے اور اس عطیہءخداوندی پاکستان کی حفاظت ہمارادینی فرض ہے۔ ہماری بہادر افواج کے ہوتے ہوئے پاکستان کے اندر یا باہر بیٹھے دہشتگرد عناصر جتنا مرضی زور لگا لیں انشا اللہ الرحمن وہ پاکستان کا بال بیکا نہیں کر سکتے۔ سابق وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا اتحادِ اُمت آج کے دور کا اہم ترین تقاضا ہے۔ بلا شبہ استحکامِ پاکستان اور اتحادِ امت کے لئے عید گاہ شریف کا اہم ترین کردارہے، محفل میںصاحبزادہ حافظ حامد رضا، پیر سید عارف بہاو¿الحق شاہ، علامہ ضمیر اختر رانا و دیگر نے بھی خطاب کیا۔