مسلم لیگ ن کے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ایڈوائزری کونسل کے خدوخال کا ابھی جائزہ نہیں لیا ہے، اگر کوئی مخلص کوشش ہو تو قانون اس کی اجازت دیتا ہے۔
’ سب تک نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اسلام آباد میں انڈسٹریل پالیسی سے متعلق کونسل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری استطاعت نہیں کہ 6 یا 7 مہینے میں سارے نظامِ حکومت کو روک دیں، نگراں حکومت کو روز مرہ کے معاملات اور فیصلوں کی اجازت ہوتی ہے، اگر ملکی مفاد اور نیک نیتی سے کام ہو تو کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاییے۔
انہوں نے کہا کہ ایڈوائزری کونسل کے خدوخال کا ابھی جائزہ نہیں لیا ہے، ایڈوائزری کونسل سے متعلق کوئی آئینی خرابی نہیں ہونی چاہیے، 18 ویں ترمیم کے بعد صوبائی معاملات میں وفاق محض مشاورتی حیثیت سے کام کر سکتا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ کا یہ بھی کہنا ہے کہ میری معلومات کے مطابق کونسل کا وفاقی سطح تک کا اختیار ہو گا، کوشش ہر کسی کی ہے کہ معیشت کی گاڑی چلے اور آسودگی آئے، اگر کوئی مخلص کوشش ہو تو قانون اس کی اجازت دیتا ہے۔