شمالی وزیرستان میں کوٹ اعظم اور ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامیہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کلاچی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن میں 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ جنوبی وزیرستان کے علاقے کوٹ اعظم میں الگ آپریشن میں 1 دہشت گرد مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران اسلحہ برآمد کیا گیا ہے جبکہ ہلاک دہشت گرد فورسز اور سویلینز پر حملوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامیہ نے بتایا ہے کہ علاقے میں دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے گھریوم میں بارودی مواد پھٹنے سے سپاہی شاہزیب شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامیہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی شمالی وزیرستان کے علاقے خیصور میں آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔