بھارت کے سپر اسٹار اداکار شاہ رخ خان اپنے مداحوں سے سوشل میڈیا پر گھل مل جاتے ہیں اور ان سے سوالات و جوابات کے سیشن منعقد کرتے ہیں، تاہم اس کے باوجود وہ اپنی تصاویر اور ویڈیو کم ہی شیئر کرتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ شاہ رخ خان کی منیجر پوجا ددلانی نے بالی ووڈ کے بادشاہ کی کچھ تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیں۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ پر پوسٹ یہ تصاویر کنگ خان کے مداحوں کو بھا گئیں۔
ان تصاویر میں شاہ رخ سیاہ رنگ کی پینٹ اور سفید شرٹ پر نیلے رنگ کا سوٹ پہنے ہوئے ہیں جبکہ وہ خوبصورت عینک بھی لگائے ہوئے ہیں۔
پوجا ددلانی نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ڈُنکی کے سفر میں زندگی کے ہر رنگ کا تجربہ کر رہے ہیں۔‘
ساتھ میں انہوں نے آئندہ 30 روز میں ڈُنکی کی نمائش سے متعلق مداحوں سے کہا کہ وہ تیار ہوجائیں۔
شاہ رخ خان کی یہ تصاویر ان کے مداحوں کو بھی بھا گئیں، انہوں نے شاہ رخ خان کو ہینڈسم قرار دیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ شاہ رخ اتنے خوبصورت، اتنے نفیس بالک ایک شہنشاہ کی مانند لگ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ شاہ رخ خان آخری مرتبہ احمدآباد کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان فائنل مقابلے میں نظر آئے تھے جہاں ان کے ساتھ ان کے اہلِ خانہ بھی موجود تھے۔