اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کے پی کے قتل مقدمہ کی سماعت کے دوران کہا کہ خیبر پی کے پولیس کی تفتیش کا معیار انتہائی بدترین ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے 2 افراد کے قتل کے ملزم وکیل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کے پی کے پولیس کی تفتیش پر سخت اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے کہا 2 افراد کا قتل اور تین زخمی ہوئے، پولیس نے اتنے بڑے واقعات کی کیا تفتیش کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ خیبر پی کے پولیس میں ریفارمز کا بہت سنا تھا۔ کہا جاتا ہے کے پی پولیس میں اصلاحات ہوئیں۔ کہاں خیبر پی کے پولیس میں ریفارمز ہوئیں۔ پولیس نے زخمیوں کے بیانات ہی ریکارڈ نہیں کیے۔ بعد ازاں عدالت نے ٹرائل کورٹ کو کیس کا التوا کے بغیر فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔ واضح رہے ملزم وکیل پر مردان صدر تھانے میں قتل کا مقدمہ درج ہے۔