پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے الیکشن کے لیے پنجاب میں امیدواروں کا انتخاب شروع کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری سے پنجاب کے پارٹی عہدیداروں نے ملاقات کی، جس میں صوبے کے انتخابی حلقوں میں امیدواروں کے حوالے سے بات چیت کی گئی ، اس موقع پر شریک چیئرمین پیپلزپارٹی نےپی پی پی پنجاب کو عام انتخابات کی تیاریوں میں تیزی لانے کی بھی ہدایت کی۔ بتایا گیا ہے کہ آصف علی زرداری سے ملاقات کرنے والوں میں پیپلزپارٹی پنجاب کے قائم مقام صدر رانا فاروق سعید، حسن مرتضی، شہزاد چیمہ، ثمینہ خالد گھرکی، امتیاز صفدر وڑائچ اور دیگر شامل تھے، اس کے علاوہ پی پی پی لاہور کے صدر اسلم گل، جمیل منج، سونیا خان، اعجاز احمد سماں اورپنجاب کے ڈویژنل صدور سلیم حیدر، آصف بشیر بھاگٹ، تسنیم قریشی، عنایت علی شاہ، غلام فرید کاٹھیا نے بھی آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پر اعتماد ہے انتخابات شفاف ہوں گے، پیپلزپارٹی 8 فروری کو ملک کی اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئے گی، ملک شفاف انتخابات کی طرف جا رہا ہے اور پیپلز پارٹی اس کے لیے پوری طرح تیار ہے، ملک کا ماحول اس وقت انتخابات کے لیے سازگار ہے، الیکشن وقت پر ہونے چاہیے اور مجھے الیکشن کمیشن پراعتماد ہے وہ شفاف الیکشن کرائے گا، پیپلزپارٹی ہر ماحول میں الیکشن لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور 8 فروری کو پیپلزپارٹی ملک کی اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئے گی۔
ادھر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پرانی جماعتیں پرانی سیاست میں لگی رہتی ہیں، کسی کو دوسری یا چوتھی بار وزیراعظم بنانے سے بہتر ہے مجھے موقع دیں، پُرانے سیاستدان گھر بیٹھیں اور آرام کریں، موجودہ مسائل کا حل پیپلزپارٹی کے منشور میں ہے، ہم عوام کا مستقبل عوام کے حوالے کرنا چاہتے ہیں، عوام مجھے موقع دے، عوام کو مایوس نہیں کروں گا، کسی کو دوسری یا چوتھی بار منتخب کرنے سے بہتر ہے مجھے موقع دیں، ہمیں سوچنا ہو گا کہ کیا ہمیں 70 سالہ بابے کے ہاتھ میں ملک دینا ہے؟ مہنگائی اورغربت سےعوام تنگ آچکے ہیں، ہمیں معلوم ہے ہمیں غریب آدمی کا کیسے خیال رکھنا ہے، ہمارے پاس مہنگائی اور غربت کو روکنے کا منصوبہ ہے جس کے لیے تمام جماعتوں کو ہمارے ساتھ مل کر چلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیات دانوں، بیورو کریسی اور حکومت کو زمینی حقائق کا اندازہ نہیں ہے انتہائی تیزی کے ساتھ مہنگائی اور غربت بڑھ رہی ہے، پاکستان میں مہنگائی اور غربت تاریخی سطح پر ہیں، ملکی مسائل حل کرنا اور عوام کی خدمت کوئی مشکل نہیں بس نیت ٹھیک ہونی چاہیئے، ایک نظریہ ایک منشور ہونا چاہیے، آج کل کے مسائل کا حل پیپلز پارٹی کے منشور میں ہے، پرانی جماعتیں پرانی سیاست میں لگی رہتی ہیں، ان مسائل سے نکلنا ہے تو نئی سیاست کی طرف بڑھنا ہوگا، نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا، ایک نئی سیاست اور ایک نئی قیادت کی ضرورت ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ الیکشن سے قبل خیبرپختونخوا کا دورہ کر رہے ہیں، ہمارے کارکنان نے کنونشن کو تاریخی کنونشن بنا دیا کیوں کہ پیپلزپارٹی اور آپ کا رشتہ 3 نسلوں سے ہے، پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا کو نام اور حقوق دیئے، این ایف سی متعارف کروایا، یہ جماعت غریب اور متوسط طبقے کی جماعت ہے، ہماری حکومت نے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے کام کیا، ہم ذوالفقاربھٹو اور بی بی شہید کا خواب پورا کریں گے، پیپلز پارٹی محروم طبقوں کی جماعت ہے، آصف زرداری نے اپنے دور میں جو کام کیے وہ آپ کے سامنے ہیں، آصف زرداری نے خیبر پختون خوا کو شناخت دی اور بی آئی ایس پی کے ذریعے عوام کی مدد کی۔