اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + سب تکرپورٹ) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن کو انتخابات کے لئے تمام ضروری وسائل اور تعاون فراہم کریں گے۔ انتخابات کا شفاف اور قابل اعتبار طریقے سے انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں آئندہ عام انتخابات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماﺅں نے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابی عمل کی ضرورت پر زور دیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نگران حکومت آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کا شفاف اور قابل اعتبار طریقے سے انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے حکومتی عزم کا خیر مقدم کیا۔ علاوہ ازیں مرتضیٰ سولنگی نے متحرک، متنوع اور ذمہ دار میڈیا منظر نامہ کو فروغ دینے کے حکومتی عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہمیں میڈیا کے شعبے میں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں۔ ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی نے میڈیا میں استعمال ہونے والے طریقوں کو تبدیل کر دیا ہے، اس چیلنجنگ ماحول میں ہماری بنیادی توجہ پاکستانی میڈیا انڈسٹری کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہونی چاہئے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں وفاقی سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور سابق سیکرٹری ظہور احمد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے شاہیرہ شاہد کو سیکرٹری اطلاعات کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور سیکرٹریٹ گروپ کے سینئر افسر سابق سیکرٹری ظہور احمد کی وزارت اطلاعات کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں وزارت اطلاعات کی کارکردگی، میڈیا انڈسٹری کو درپیش چیلنجز اور مواقع، بیرون ملک پاکستان کے مثبت امیج کو فروغ دینے میں وزارت کے کردار سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں میڈیا انڈسٹری کو درپیش چیلنجز اور مواقع سے نمٹنے کے لئے میڈیا انڈسٹری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ وفاقی سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور سابق سیکرٹری ظہور احمد قابل افسران ہیں، ان کے ساتھ کام کرنا میرے لئے باعث فخر ہے۔ حکومت متحرک، متنوع اور ذمہ دار میڈیا منظر نامہ کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔ آج ہمیں میڈیا کے شعبے میں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں۔ ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی نے میڈیا میں استعمال ہونے والے طریقوں کو تبدیل کر دیا ہے۔ اس چیلنجنگ ماحول میں ہماری بنیادی توجہ پاکستانی میڈیا انڈسٹری کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہونی چاہئے۔ ہمیں عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص، اپنے بھرپور ثقافتی ورثے اور سماجی و اقتصادی کامیابیوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہئے۔ میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے حقوق کا تحفظ ہمارا پختہ عزم ہے۔ اطلاعات و نشریات کا شعبہ پاکستان کے مستقبل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ دریں اثناء سب تکرپورٹ کے مطابق مرتضیٰ سولنگی نے خلاباز نمیرہ سلیم کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان کی پہلی خلاباز نمیرہ سلیم ہمارے درمیان موجود ہیں۔ پاکستانی خوش نصیب ہیں کہ نمیرہ نے خلا میں پاکستان کا پرچم لہرایا۔ نمیرہ سلیم پاکستان کا پرچم بچیوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔ نمیرہ سلیم نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی میرے لئے اعزاز ہے۔ میری خواہش ہے کہ دنیا میں امن قائم ہو۔