گوجرانوالہ+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ سب تکرپورٹ) تاریخ میں پہلی بار گوجرانوالہ میں پنجاب کابینہ کا اجلاس محسن نقوی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ محسن نقوی نے گوجرانوالہ کے لئے 4 پراجیکٹس کا اعلان کیا اور بتایا کہ گوجرانوالہ میں سبزی منڈی اور گوالہ کالونی بنائی جائے گی۔ ڈی پی ایس گوجرانوالہ کے لئے 24 نئے کلاس رومز بنائے جائیں گے۔ 2 ماڈل قبرستان کے قیام کی منظوری دی گئی اور ڈسکہ میں پنجاب یونیورسٹی کے کیمپس کی منظوری بھی دے دی گئی۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے گوجرانوالہ ڈویژن میں عوامی فلاح و بہبود کے جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ پنجاب کابینہ نے گندم کی کم ازکم امدادی قیمت 4ہزار روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ امدادی قیمت میں اضافے سے کاشتکاروں کو ریلیف ملے گا۔ کابینہ اجلاس میں دوران سروس وفات پانے والے سرکاری ملازمین کے لواحقین کے لئے مالی امداد کے پیکیج میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا اور فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کے لیے فنڈز کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔ آرٹسٹ انڈوومنٹ فنڈ سے مستحق فنکاروں کی معاونت کی جائے گی۔ لاہور میں دل کا ایک اور ہسپتال بنے گا۔ جناح ہسپتال لاہور کے ایمرجنسی اینڈ ٹراما سینٹر کی جگہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنے گا۔ کابینہ نے میو ہسپتال کی 7 برس سے بند سی ٹی سکین مشین کو آپریشنل کرنے کے لئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کےساتھ گوجرانوالہ یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ محسن نقوی نے یونیورسٹی کی تعمیر کے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کابینہ کے ہمراہ فلیگٹ شپ پراجیکٹ ایکسپریس وے موٹروے لنک روڈ کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف مقامات پر منصوبے کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے لاہور سیالکوٹ موٹروے کے ساتھ گوجرانوالہ کو لنک کرنے کے لئے زیر تعمیر دو رویہ سڑک کے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے وقت کے ساتھ ایندھن کی مد میں خاطر خواہ بچت ہو گی۔ منصوبے کی تکمیل سے گوجرانوالہ کا لاہور کا سفر 45 منٹ رہ جائے گا۔ گوجرانوالہ 15.2 کلومیٹر طویل دو رویہ کارپٹیڈ سڑک موٹر وے کے لئے بہترین رسائی فراہم کرے گی۔ فیصل آباد محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور پی آئی سی کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ ایمرجنسی بلاک کے توسیعی منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ مریضوں اور تیمارداروں کی سہولت کے لئے ایل ای ڈی سکرینیں لگائی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے آکسیجن کے کنکشن اوپن نہ رکھنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی کابینہ نے چیف سیکرٹری، آئی جی اور سیکرٹریز کے ہمراہ کوسٹرز میں سفر کرتے ہوئے گوجرانوالہ چلڈرن ہسپتال پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جدید طبی سہولیات سے آراستہ سٹیٹ آف دی آرٹ چلڈرن ہسپتال گوجرانوالہ کا افتتاح کردیا۔ انہوں نے چلڈرن ہسپتال کا معائنہ کیا اور طبی سہولتوں کاجائزہ لیا۔ محسن نقوی نے کابینہ سمیت گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔ ڈی ایچ کیو سے ٹیچنگ ہسپتال تک 24گھنٹے فری شٹل سروس شروع کرنے کا اعلان کیا۔ ٹیچنگ ہسپتال میں ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح کردیا۔ مریضوں کی عیادت کی۔ 20 بیڈ پر مشتمل برن یونٹ کو جلدازجلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 31جنوری تک ڈیڈ لائن مقرر کردی۔ وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ گوندلانوالہ میں لینڈفل سائیٹ کا بھی معائنہ کیا۔ گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گوجرانوالہ کے عوام کی امنگو ں پر پورا اترنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہماری حتی الامکان کوشش ہے کہ جو پراجیکٹس گوجرانوالہ میں شروع کروائے ہیں مکمل کروا کے جائیں۔گوجرانوالہ چیمبر میں خطاب کے دوران محسن نقوی نے کہا کھیلوں کے فروغ کیلئے جلد ہی کرکٹ اکیڈمی کا آغاز کیا جائے گا۔ کاروبار کی آسانی کیلئے پنجاب کے چھ بڑے چیمبرز کیلئے ون ونڈوآپریشن کے تحت دسمبر میں لاہور میں بزنس فیسلی ٹیشن سنٹر بنایا جا رہا ہے جس میں گوجرانوالہ چیمبر کے صدر کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔ گوجرانوالہ چیمبر کے صدر شیخ فیصل ایوب بزنس کمیونٹی کی زبردست ترجمانی کر رہے ہیں۔ اجلاس کی صدارت چیمبر کے صدر شیخ فیصل ایوب نے کی۔ اس موقع پر حمیس گلزار مغل، عادل ندیم، شیخ محمد نسیم، اخلاق احمد بٹ، خواجہ خالد حسن، ملک ظہیر الحق،خواجہ ضرارکلیم، نواز احمد باجوہ، رانا شہزاد حفیظ، نعمان صلاح الدین، سعید احمد تاج، عمر اشرف مغل، محمد شعیب بٹ، سابق نائب صدور محمد انور اسلم، محمد اظہر اسلم، ملک امین ناز، شیخ قیصر امین اور دیگر موجود تھے۔ محسن نقوی نے رات گئے تھانہ صدر گوجرانوالہ کا دورہ کیا اور تزئین و آرائش کے بعد تھانہ صدر گوجرانوالہ کی عمارت کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے سائلین کے لئے صوفے،آرام دہ کرسیاں، بہترین اور صاف ستھرا ماحول، شاندار عمارت دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔