پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف و خوبرو اداکارہ صبا قمر کے دفاع میں پاکستانی میڈیا پرسنیلٹی راحیل راؤ سامنے آ گئے۔
راحیل راؤ نے پاکستانی سُپر اسٹار ماہرہ خان کے بعد اداکارہ صبا قمر کو بھی تنقید کا نشانہ بنانے پر ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کرارا جواب دے دیا۔
انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ڈرامہ نگار کا نجی چینل کے پروگرام سے وائرل ہونے والا ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے۔
مذکورہ ویڈیو کلپ میں خلیل الرحمٰن نے اداکارہ کو ان کے لباس کے باعث تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا تھا کہ اگر زندگی میں کبھی کتاب لکھنے کا موقع ملا تو صبا قمر پر نہیں لکھوں گا کیونکہ لکس اسٹائل ایوارڈز میں ان کا لباس دیکھ کر دل اُچاٹ ہو گیا۔
فیشن اینڈ لائف اسٹائل میگزین کے ایڈیٹر ان چیف راحیل راؤ نے صبا قمر کا دفاع کرتے ہوئے لکھا ہے کہ عورت کو اس کے لباس کی بجائے اس کی کامیابی، ذہانت و کردار سے پہچاننے کی کوشش کریں۔
انہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ چیزوں کو سطح سے دیکھنے سے گریز کریں، اگر کسی کا لباس نہیں پسند تو اسے نہ دیکھیں، دوسروں پر احسان کریں، اپنے کام سے کام اور اپنے نظریات اپنے پاس رکھیں کیونکہ آپ کی تنگ نظریے سے کسی کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔
راحیل راؤ کی جانب سے اداکارہ کا دفاع کرنا تھا کہ صبا قمر نے بھی انسٹا پوسٹ کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے اپنا ردِ عمل دے دیا۔
اداکارہ نے الفاظ کا استعمال کیے بغیر صرف ایموجیز سے کام لیا اور بتایا کہ وہ سوشل میڈیا پر جاری یہ پوسٹس دیکھ کر انجوائے کر رہی ہیں۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک اور کمنٹ کرتے ہوئے دفاع کرنے پر راحیل راؤ کا شکریہ ادا کیا ہے۔