ایک نامعلوم مداح نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کو تاج کا تحفہ دیا ہے جس کے بعد بابر اعظم بے تاج نہیں رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر بابر اعظم کی ایک تصویر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں ہاتھ میں ایک تاج اٹھائے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ تاج کس نے بنایا ہے یہ تو تاحال ایک راز ہے مگر یہ تاج ناصرف بابر اعظم کے لیے بنایا گیا ہے بلکہ اُنہیں پیش بھی کیا گیا ہے۔
انسٹا گرام پر آرٹسٹ ٹری نامی پیج پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بابر اعظم کی ایک مداح بذاتِ خود ایک تاج بنا رہی ہیں، بعد ازاں وہ تاج لے کر بابر اعظم سے ملنے بھی پہنچی ہیں۔
ویڈیو میں بابر اعظم کو اپنے لیے بنائے گئے تاج کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
بابر اعظم نے تاج بنانے والی مداح کو قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے پہنی جانے والی روایتی ٹوپی پر اپنا آٹوگراف بھی دیا ہے۔
وائرل پوسٹ میں بابر اعظم کی مداح کا لکھنا ہے کہ آخر کار بابر اعظم سے ملاقات ہو گئی۔
تاج بنانے والی مداح کا اپنی پوسٹ میں کہنا ہے کہ 3 دن کی مسلسل محنت کے بعد یہ تاج بن پایا، بابر اعظم کو خاص محسوس کروانے کے لیے یہ تاج دیا گیا، بابر اعظم اپنے مداحوں کے لیے بہت عاجز، قابلِ احترام، سچے اور شریف آدمی ہیں۔