نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کا کہنا ہے کہ مارٹن، کلیٹن، جہانگیر اور پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کو کبھی بے دخل نہیں کریں گے۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کی زیرِ صدارت مارٹن، کلیٹن، جہانگیر اور پاکستان کوارٹرز سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق نگراں وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت پر کلیٹن، مارٹن اور جہانگیر کوارٹرز کا ابتدائی سروے ہو چکا ہے۔
ابتدائی سروے پر نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ کو چیئرمین پی اینڈ ڈی کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران وزیرِ اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر سمیت اجلاس کے شرکاءکو بتایا گیا کہ کلیٹن، مارٹن اور جہانگیر کوارٹرز 240 ایکڑ پر مشتمل ہیں، کوارٹرز کی کل تعداد 2531 ہے جو وفاقی حکومت کی ملکیت ہے، 1958ء کے بعد کسی حکومت نے ان کوارٹرز کی مرمت نہیں کرائی، وفاقی حکومت کے ملازمین نے ریٹائرمینٹ کے بعد ان کوارٹرز کو خالی نہیں کیا، جہانگیر کوارٹرز کی حدود میں 25 ایکڑ خالی اراضی ہے۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ کے مطابق پاکستان کوارٹرز میں 390 پلاٹ ہیں۔
اجلاس کے دوران میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مارٹن، کلیٹن اور جہانگیر کوارٹرز کی اراضی کے ایم سی کی تھی، کے ایم سی کی اراضی پر وفاقی حکومت نے کوارٹرز بنائے تھے۔
میئر کراچی نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ کواٹرز پر نئے ٹاورز بنانے کے لیے بلڈرز کی تنظیم آباد نے بھی تجاویز دی ہیں۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے علاقے کا سروے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اراضی کا معاملہ وفاقی حکومت سے طے کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پہلے مرحلے میں ایک ٹاور بنایا جائے، پھر لوگوں کو ایڈجسٹ کر کے دوسرا ٹاور تعمیر کیا جائے، یہ ٹاورز کم قیمت ہاؤسنگ کے تحت بنائے جائیں۔