رواں سال کے آغاز میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ حرا خان نے اپنی والدہ کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کر لی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اداکارہ نے مختلف پوسٹس اور اسٹوریز شیئر کی اور گزشتہ 16 دنوں کو سال کے بہترین دن قرار دیا۔
انسٹا اسٹوریز میں اداکارہ کو اپنی والدہ کے ہمراہ خانہ کعبہ کا طواف کرتے اور عمرے سے واپسی پر جہاز میں دیکھا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی مختلف پوسٹس میں حرا خان نے حرمین شریف اور مسجدِ نبوی ﷺ کے صحن سے مختلف تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں۔
انہوں نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ بہت مہربان ہیں، انہوں نے مجھے گزشتہ ہفتے اپنے گھر مدعو کیا اور پچھلے 16 دن رواں سال کے سب سے بہترین دن تھے۔
اداکارہ نے اس سعادت پر شکر گزار ہوتے ہوئے لکھا ہے کہ اپنی والدہ کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کے بعد گھر واپس آئی ہوں اور اب بھی یہ خواب محسوس ہو رہا ہے، اس تجربے کے لیے الحمدللّٰہ۔
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ دورانِ عمرہ میں نے غزہ اور ملک کے لیے دعا کی، امید ہے اللّٰہ تعالیٰ میری دعائیں قبول کریں گے۔
اداکارہ حرا خان کی پوسٹس پر کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے ساتھی فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے۔