امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی81 ویں سالگرہ اپنی فیملی کے ساتھ منائی۔
جو بائیڈن نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر سالگرہ کی تقریب کی کیک کے ہمراہ اپنی تصویر شیئر کی ہے۔
اس تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امریکی صدر کی سالگرہ کے کیک کو اس کے کناروں پر متعدد موم بتیوں سے اس انداز میں سجایا گیا ہے کہ موم بتیوں کو جلانے سے کیک کے اُوپر آگ کا ایک شاندار رِنگ بن گیا ہے۔جو بائیڈن نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ آپ سب کا میری سالگرہ پر نیک خواہشات کا اظہار کرنے کے لیے شکریہ۔
اُنہوں نے سالگرہ کے کیک پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ 146 ویں سالگرہ پر موم بتیوں کے لیے جگہ ختم ہو گئی ہے۔
جو بائیڈن کی اس پوسٹ نے سوشل میڈیا صارفین کی خصوصی توجہ حاصل کر لی ہے جس کے بعد صارفین کی جانب سے امریکی صدر کی اس انسٹا پوسٹ پر کافی دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
اس سے قبل امریکی صدر نے تھینکس گیونگ ڈے پر پرندوں کو آزاد کرنے کے لیے وائٹ ہاؤس میں منعقد کی گئی تقریب کے دوران اپنی عمر پر بھی دلچسپ تبصرہ کیا تھا۔
اُنہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا تھا کہ میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ آپ جان لیں کہ 60 سال کا ہونا مشکل ہے، بہت مشکل ہے۔