غزہ میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ الشفا، انڈونیشین اسپتالوں میں اسرائیل کے جرائم جاری ہیں، اسرائیلی فوج نے اسپتال کو فوجی بیرک، اجتماعی قبر اور تباہی بربادی میں تبدیل کر دیا ہے۔
میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نےاب بھی الشفا اسپتال پر قبضہ کیا ہوا ہے، غزہ کی تباہ کن صورتحال بدترین رُخ اختیار کر چکی ہے۔
غزہ میڈیا آفس کے مطابق اسرائیلی بمباری سے غزہ کی 60 فیصد سے زیادہ عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں، اسرائیلی بمباری سے طبی عملے کے 205 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
اسرائیلی بمباری سے غزہ کے 15 لاکھ فلسطینی بے گھر ہوئے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جمعرات کی صبح سے جنگ بندی شروع ہوگی۔
اسرائیلی عہدیدار کا کہنا تھا کہ اسرائیل، حماس جنگ بندی جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہونے والی ہے، جنگ بندی زیادہ سے زیادہ 10 روز تک جاری رکھنے کا آپشن ہے لیکن ایسا ہونے کا امکان نہیں ہے۔