اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ سب تکرپورٹ) نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے قافلے پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے ناسور کے ملک سے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ملک کی بقا کی خاطر قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے شہید لانس نائیک احسان بادشاہ اور شہید لانس نائیک ساجد حسین کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی، شہداءکی بلندیِ درجات اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداءاور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان جیسے ممالک کیلئے قومی سلامتی کا مسئلہ ہے۔ پاکستان کا عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی بڑھانے میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہونے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت 28ویں اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز کوپ۔28 کے حوالے سے بین الوزارتی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کوپ 28 میں کلائمیٹ فنانس اور دیگر متعلقہ معاملات پر پاکستان کا موقف اچھے انداز سے پیش کرنے کے لئے ادارے بھر پور تیاری کریں۔ نگران وزیراعظم دبئی، متحدہ عرب امارات میں ہونے والی 28ویں کانفرنس آف پارٹیز کے یکم اور 2 دسمبر کو اعلی سطح کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وزارت اطلاعات و نشریات کو ”اڈاپٹ اے فیملی“ پروگرام جیسے منصوبوں کے بارے میں آگاہی مہمات چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پروگرام غربت کے خاتمہ کیلئے موثر متبادل حکمت عملی ہونے کی بھرپور استعداد رکھتا ہے۔ انوار الحق کاکڑ سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے چیئرپرسن اور اخوت فاﺅنڈیشن کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب اور دنیا فاﺅنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں عامر محمود نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم کو دنیا فاﺅنڈیشن اور اخوت فاﺅنڈیشن کے باہمی اشتراک سے ہونے والے ”اڈاپٹ اے فیملی“ پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں انوار الحق کاکڑ سے بلوچستان کی زمیندار ایکشن کمیٹی کے 15 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ خیبر پی کے میں بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور شہداءکے اہلخانہ کی بہبود سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ نگران وزیراعظم نے صدارت کی۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پی کے کو ہائیڈرل منصوبوں سے متعلق تمام تر بقایا جات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی جنگ میں شہید ہونے والوں کے خاندان قوم کے محسن ہیں۔ شہداءکے خاندان کی بہبود کیلئے مختص رقم کی ادائیگی میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔