اسموگ کے تدارک کے لیے سافٹ اسموگ لاک ڈاؤن لگانے کی تجاویز پر غور کے لیے نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے کیبنٹ کمیٹی برائے انسدادِ اسموگ کا اجلاس آج طلب کیا گیا تھا۔
صوبہ پنجاب میں اسموگ کی صورتحال کے پیشِ نظر نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے انسداد اسموگ کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
اجلاس کے شرکاء کو اسموگ کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سفارشات کی روشنی میں اسموگ سے نمٹنے کے لیے نئے اقدامات کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اسموگ کے تدارک کے لیے سافٹ اسموگ لاک ڈاؤن لگانے کی تجاویز تیار کی گئی ہیں، رواں جمعے کو تمام اسکول، کالج، یونیورسٹیز بند کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران ہفتے کے روز بھی مارکیٹیں، جم، سنیما، تھیٹر، فیکٹریاں اور ریسٹورنٹس مکمل بند کرنے کی تجویز دی جائے گی جبکہ صرف ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پبلک اور پرائیویٹ گاڑیوں کو بھی محدود کرنے کی تجویز ہے، سرکاری دفاتر میں بھی آدھے ملازمین کام کریں گے۔
ذرائع کے مطابق جمعے اور ہفتے کو سافٹ لاک ڈاؤن کے بعد ناکے لگانے کی بھی تجویز تیار کی گئی ہے۔
اسی طرح خلاف قانون کام کرنے والی فیکڑیوں کو بند کرنے، بڑے جرمانے عائد کرنے اور لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ کی بھی تجویز زیرِ غور ہے۔
داتا دربار پر 24گھنٹے لنگر کا آغاز
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس میں داتا دربار کے لنگر خانے کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔
اجلاس میں بزرگان دین کے 9مزاروں کی اپ گریڈیشن پر پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی ہے۔
داتا دربار پر عقیدت مندوں کے لیے 24گھنٹے لنگر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔