مشہور اسٹریمنگ ویب سائٹس نیٹ فلکس اور ایمیزون پرائم بھی مودی سرکار کی انتہا پسندی سے نہ بچ پائیں۔
دونوں اسٹریمنگ ویب سائٹس نے بھارت میں مودی حکومت کی موجودگی میں تمام تر ایسی بھارتی فلموں کی اسٹریمنگ کرنے سے معذرت کر لی جو حکومت مخالف، ہندو انتہا پسندی یا بھارتی ذات پات یا طبقاتی نظام پر مبنی ہوں۔
واشنگٹن پوسٹ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت اختلافِ رائے پر پابندی عائد کرنے کے لیے نیٹ فلکس اور ایمیزون پرائم ویڈیو پر دباؤ ڈالنے کے لیے طاقت کا استعمال کر رہی ہے جس کا شکار دیباکر بنرجی، انوراگ کشیپ اور وکرمادتیہ موٹوانے جیسے مشہور بھارتی فلم ساز ہوئے ہیں۔
اسٹریمنگ ویب سائٹس ان فلم سازوں کو سیاسی، مذہبی یا ذات پات کے مسائل پر مبنی فلموں میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنے کو کہہ رہی ہیں۔
علاوہ ازیں ان بھارتی فلم سازوں کے کچھ پروجیکٹس جن کے لیے اسٹریمنگ ویب سائٹس نے پہلے رضا مندی کا اظہار کیا تھا وہ اب منسوخ ہو رہے یا بند کیے جا رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، فلم ساز انو راگ کشیپ کی کئی فلمیں نیٹ فلکس پر موجود ہیں لیکن 2021ء میں اُن کے کیریئر کی شاہکار ترین فلم کو نیٹ فلکس نے روک دیا ہے جس کی وجہ سے بھارتی فلم ساز کافی افسردہ ہیں۔