پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کی جانب سے قومی کھیلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹس کےلیے ایک تعلیمی پروگرام کا اہتمام کیا گیا، پروگرام میں کھلاڑیوں کو ان کے مستقبل کے مقابلوں کی تیاری کے حوالے سے ہدایات دی گئیں۔
لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پی او اے ‘میٹ اینڈ ایجوکیٹ ایتھلیٹ پروگرام’ میں ملک بھر سے مختلف کھیلوں کے گولڈ میڈلسٹ مرد و خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
اس دوران کھلاڑیوں نے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کی ترتیب، غذائیت، کھیلوں کے کیلنڈر کے بارے میں سوالات کیے اور دیگر مختلف شعبوں کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں۔ خواتین کھلاڑیوں نے مقابلوں کے دوران ہراسگی اور اینٹی ڈوپنگ سے متعلق سوالات اٹھائے۔
پی او اے کے سیکرٹری خالد محمود سمیت منتظمین نے کھلاڑیوں کے سوالات کے جواب دیے۔ آئندہ مستقبل میں ملک کے دیگر کھلاڑیوں کو بھی اسی طرح کے سیشنز کے لئے دعوت دی جائے گی۔