قطری وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غزہ پٹی میں عارضی جنگ بندی جمعہ کی صبح 7 بجے شروع ہوگی۔
دوحا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان وزارت خارجہ قطر ماجد الانصاری نے کہا کہ جنگ بندی کے دوران حماس 50 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ 13 یرغمالیوں کو جنگ بندی کے پہلے روز رہا کیا جائے گا، اسرائیل اور حماس نے یرغمال شہریوں کی فہرستیں قطر کو فراہم کر دیں۔
ترجمان کے مطابق عارضی جنگ بندی کے دوران مزید یرغمالیوں کی رہائی کےلیے بات ہوگی، انہوں نے مزید بتایا کہ جمعہ کے روز اسرائیل کی جانب سے رہا کیے جانے والے فلسطینیوں کی تعداد معلوم نہیں۔
دوسری جانب سعودی اور امریکی وزرائے خارجہ کا ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے عالمی برادری سے اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات کو رکوانے میں کردار ادا کرنے اور قیامِ امن کے لیے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کروانے کا مطالبہ کیا۔