نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا کل سے کراچی میں آغاز ہورہا ہے۔ ایونٹ میں مختلف ریجنز کی 18 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے تمام میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
نیشنل اسٹیڈیم میں ایک دن میں دو میچز ہوں گے، پہلا میچ سہ پہر تین بجے اور دوسرا رات آٹھ بجے شروع ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 63 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں 32 گروپ میچز ہوں گے جو 24 سے 28 نومبر تک کھیلے جائیں گے، جس کے بعد سپر 8 کا مرحلہ ہوگا۔
ایونٹ کے پہلے روز لاہور وائٹس کا مقابلہ لاڑکانہ سے اور کراچی بلیوز کا مقابلہ پشاور سے این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگا۔
گروپ بی میں کراچی وائٹس کا مقابلہ اسلام آباد سے اور حیدرآباد کا مقابلہ ڈیرہ مراد جمالی سے یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگا۔
گروپ سی میں راولپنڈی کا مقابلہ ایبٹ آباد سے اور فیصل آباد کا مقابلہ بہاولپور سے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔
ایچ پی سی اوول میں گروپ ڈی میں ملتان اور سیالکوٹ جبکہ فاٹا اور آزاد جموں کشمیر کی ٹیمیں ٹکرائیں گی۔
ایونٹ کے سیمی فائنلز 9 دسمبر جبکہ فائنل 10 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔