جنوبی بھارتی اداکارہ تریشا کرشنن کے خلاف تضحیک آمیز الفاظ کا استعمال کرنے والے اداکار منصور علی خان نے کہا کہ ان کے بیان سے خود انہیں بھی دکھ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ فلم لیو میں اپنی ساتھی اداکارہ تریشا کرشنن سے متعلق اداکار منصور علی خان نے ایک انٹرویو کے دوران تضحیک آمیز گفتگو کی تھی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔
اس کے ردِعمل میں اداکارہ تریشا کرشنن نے کہا تھا کہ میں منصور کے تبصرے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہوں۔ ان کے الفاظ سے عورت کی تضحیک، بےعزتی، بدسلوکی اور نفرت انگیزی کا مظاہرہ ہوتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ میں شکرگزار ہوں کہ میں نے ان جیسے افراد کے ساتھ اسکرین پر نہیں آئی اور خواہش ہے کہ ایسا کبھی نہ ہو۔
تنازع بڑھ جانے کے بعد منصور علی خان نے کہا تھا کہ ان کے تبصرے کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں خواتین کی عزت کرتا ہوں۔ کسی نے تریشا کو غصہ دلانے کےلیے غلط انداز میں اس تبصرے کو تریشا کے سامنے پیش کیا ہے۔
یہ تنازع اس وقت مزید سنگین ہوا جب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور نیشنل کمیشن برائے خواتین کی رکن خوشبو سندر بھی اداکارہ تریشا کے حق میں بول پڑیں اور اداکار منصور علی خان کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ایک روز قبل تریشا کرشنن سے متعلق تضحیک آمیز گفتگو کرنے پر نیشنل کمیشن برائے خواتین کی ہدایت پر چنئی کی پولیس نے منصور علی خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا۔
تاہم بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آج تفتیش کے دوران منصور علی خان نے پولیس سے کہا کہ اگر تریشا کو میرے بیان پر دکھ ہے تو اتنا ہی درد مجھے بھی ہوا ہے۔
انہوں نے پولیس سے تفتیش میں تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ متعلقہ کیس میں پولیس کے سامنے کسی بھی وقت پیش ہونے کےلیے آمادہ ہوں۔