پاکستان اور سوئیڈن کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا 17 واں دور دارالحکومت اسٹاک ہوم میں ہوا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ شفقت علی خان نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ سوئیڈن کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل اور گلوبل ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ڈیگ جوہلن نے مشترکہ قیادت کی۔
ترجمان کے مطابق قائم مقام ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ فار ایشیا اینڈ پیسیفک آسکر سلائیٹ نے بھی مشترکہ قیادت کی۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ نے اسٹیٹ سیکریٹری برائے خارجہ امور جان ناٹسن سے ملاقات کی۔
دونوں فریقین نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور تعلیم سمیت دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔
ترجمان کے مطابق فریقین نے دو طرفہ مذاکرات اور باہمی فائدہ مند روابط اور تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
کامیابی سے یورپی یونین کی صدارت مکمل کرنے پر ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ نے سوئیڈن کو مبارک باد دی۔
پاکستان کی جانب سے قابلِ تجدید توانائی، پائیدار ٹیکنالوجیز اور ویسٹ مینجمنٹ میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ نے افغانستان اور بھارت سمیت جنوبی ایشیا میں سلامتی کی صورتِ حال پر بریفنگ بھی دی۔