لاہور ( سب تکرپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت سموگ میں کمی لانے کیلئے کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں ماہرین ماحولیات اور صحت کی سفارشات کی روشنی میں اہم فیصلے کیے گئے۔ محسن نقوی نے اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور سمیت 6ڈویژن میں جمعہ اور ہفتے کو تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ مارکیٹیں، ریسٹورنٹس اور کاروباری ادارے جمعہ اور ہفتے کو تین بجے دوپہر کھلیں گے۔ 6ڈویژن میں اتوار کو تمام مارکیٹیں اور ادارے بند رہیں گے۔ 29نومبر کو بارش کے لئے موزوں بادل ہوئے تو مصنوعی بارش برسائی جائے گی۔ لاہور میں 10ہزار طلبہ کو سبسڈی پر الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی۔ سرکاری ملازمین کو بھی لیز پر الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی۔ مین مال روڈ پر اتوار کے روز گاڑیوں کا داخلہ بند ہوگا، صرف سائیکل آسکیں گے۔ ان فیصلوں کا اطلاق لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان اور ساہیوال ڈویژن پر ہوگا کیونکہ ان ڈویژن میں سموگ کے اثرات زیادہ ہیں۔ لاہور میں ایئر فلٹرز ٹاورز لگانے کے ایم او یو پر دستخط ہوگئے ہیں۔ طلبہ کو سبسڈی پر الیکٹرک بائیک دینے کے لئے خصوصی کمیٹی اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ مصنوعی بارش کے لئے بادل کا ہونا ضرور ی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مارکیٹیں بند کرنے کے حق میں نہیں ہیں، کسی کا نقصان نہیں کرنا چاہتے لیکن سموگ کی صورتحال کے تناظر میں ضروری اقدامات کیے ہیں۔ جمعہ کو سرکاری دفاتر کھلیں گے، ہفتے کے دن 3بجے کے بعد کھلیں گے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس کا تناسب صبح کے وقت زیادہ ہوتا ہے اور دوپہر میں کم ہوجاتا ہے۔ سموگ میں کمی کے لئے سڑکوں پر پانی کا چھڑکاو¿ دگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واسا، پی ایچ اے اور ایل ڈبلیو ایم سی آج سے پانی کا چھڑکاو¿ ڈبل کریں گے۔ کوشش ہے کہ ایئرکوالٹی انڈیکس کی پیک کو توڑا جائے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کی زیادہ ہونے کی وجہ انڈیا کی فصلوں کی باقیات جلانا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے 48 گھنٹے میں ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔ داتا دربار پر 24 گھنٹے لنگر کا آغاز ہو گیا۔ عقیدت مندوں کو ہر وقت لنگر ملے گا۔ عقیدت مندوں کی سہولت کیلئے آئندہ سے لنگر خانہ7/24 کھلا رہے گا۔ محکمہ اوقاف اور مدینہ فاو¿نڈیشن کے تعاون سے عقیدت مندوں کے لئے 7/24 لنگر کا انتظام کیا گیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے میو ہسپتال کے زیر تعمیر ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کاموں پر پیش رفت کا جائز ہ لیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے مقبول احمد بلاک کا بھی دورہ کیا اور بلاک میں فراہم کردہ سہولتوں کی تعریف کی۔ واضح رہے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ڈاکٹر مقبول احمد نے اپنی جیب سے 2ارب روپے خرچ کرکے مقبول احمد بلاک تعمیر کرایا ہے۔راولپنڈی سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیاوزیر اعلی محسن نقوی نے ایمرجنسی اور دیگر وارڈز کا معائنہ کیا وزیر اعلی محسن نقوی نے مریضوں کی خیریت دریافت کی اور مفت ادویات اور مفت ٹیسٹ کی سہولت کے بارے دریافت کیا ۔صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر بھی ہمراہ تھے۔