پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ خوبرو اداکار احسن خان نے ایوارڈ شوز پر ہونے والی تنقید مسترد کرتے ہوئے ذاتی تجربہ بیان کر دیا۔
حال ہی میں احسن خان نے ملیحہ رحمٰن کی پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی اور انہیں دیے گئے انٹرویو میں ایوارڈ شوز پر ہونے والی تنقید کے بارے میں بات کی۔
دورانِ انٹرویو اداکار سے سوال کیا گیا کہ کیا ایوارڈز ان اداکاروں کو دیے جاتے ہیں، جو تقریب میں شرکت کرتے ہیں؟
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکار نے کہا کہ یہ منتظمین سے پوچھا جانا چاہیے لیکن ایک بار میں آئی پی پی اے ایوارڈز کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکا تھا جو ناروے میں منعقد تھی لیکن پھر بھی مجھے وہ ایوارڈ ملا۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے تفصیلاً بتایا کہ مجھے ’جیو‘ کی ڈرامہ سیریل ’الف‘ کے لیے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا، مجھے یاد ہے کہ مذکورہ ایوارڈ کے لیے مایا علی نے اعلان کیا اور کہا کہ احسن خان اس وقت یہاں نہیں ہیں، حتیٰ کہ میرے پاس وہ ویڈیو بھی موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ان کا جہاز کا ٹکٹ، ہوٹل کی بکنگ ضائع کی، شو میں مجھے ایک سلاٹ میں میزبانی بھی کرنی تھی جس کی ادائیگی وہ لوگ کر رہے تھے جو میں نہیں کر سکا، آخری لمحات میں انکار کے باوجود مجھے انہوں نے ایوارڈ دے دیا، اگر چاہتے تو وہ کسی اور کو جو وہاں موجود تھا اسے ایوارڈ سے نواز دیتے لیکن ایسا نہیں ہوا۔
احسن خان نے یہ بھی کہا کہ میں اس بات سے اتفاق نہیں کرتا کہ جو تقریب میں شرکت کرتے ہیں، صرف انہی اداکاروں کو ایوارڈز دیئے جاتے ہیں اور یہ میں آپ کو اپنا ذاتی تجربہ بتا رہا ہوں نہ کہ سنی سنائی۔