نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کراچی میں شاپنگ مال میں آگ لگنے کے واقعے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جسٹس (ر) مقبول باقر نے شاپنگ سینٹر میں لگنے والی آگ کا نوٹس لے لیا ہے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے 11 افراد کی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ پھنسے ہوئے لوگوں کو بحفاظت ریسکیو کیا جائے۔
جسٹس (ر) مقبول باقر کا کہنا ہے کہ کوشش کی جائے کہ زیادہ نقصان سے بچا جا سکے، لوگوں کی جان و مال کی ذمے داری حکومت کی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جائے۔
واضح رہے کہ کراچی کے راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں لگنے والی آگ میں 11 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
جناح اسپتال کے ڈپٹی ڈائریکٹر شعبہ حادثات نے بتایا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد مرد ہیں، جن کی عمریں 22 سے 43 سال تک ہیں۔