دورہ آسٹریلیا کےلیے پنڈی میں جاری قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے تربیتی کیمپ میں دو روزہ سینیریو میچ میں پاکستانی بیٹرز اور بولرز نے اپنے اپنے اہداف حاصل کیے، جبکہ اسپن بولنگ کوچ سعید اجمل نے نیٹ سیشن میں اسپنرز کو ٹپس دیں۔ فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر نے بھی کیمپ جوائن کرلیا۔
دورہ آسٹریلیا کےلیے راولپنڈی میں جاری قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے تربیتی کیمپ میں دو روزہ سینیریو میچ کے پہلے دن پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو مختلف سینیریو دیے۔
بولرز سے مرحلہ وار اسپیلز کروائے گئے، بیٹرز کو صورتحال کے مطابق بیٹنگ کرنے کا پلان دیا گیا۔ پہلے روز کے اختتام تک بیٹرز نے 298 رنز اسکور کیے۔
اوپنر صائم ایوب 35 اور عبداللّٰہ شفیق تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان شان مسعود 101 اور بابر اعظم 71 رنز بنا کر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے جبکہ سعود شکیل 44 اور سرفراز احمد 19 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
سینیریو میچ کے پہلے روز پاکستانی بولرز نے 63 اوورز کروائے۔ خرم شہزاد اور عامرجمال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری جانب اسپن بولنگ کوچ سعید اجمل کی نگرانی میں نیٹ سیشن میں اسامہ میر، شاداب خان، محمد نواز اور عثمان قادر کو ٹریننگ کروائی۔ فاسٹ بولر وسیم جونیئر نے بھی کیمپ جوائن کرلیا ہے۔