غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے جاری ہیں۔ برطانیہ میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کےلیے بڑا مظاہرہ کیا گیا، لندن میں ہزاروں افراد نے ریلی نکالی، جس کے دوران عارضی جنگ بندی کو مستقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ عارضی جنگ بندی کو مستقل کر کے امن قائم کیا جائے۔
لندن میں انتہائی سرد موسم کے باوجود خواتین اور بچے بھی احتجاج میں شریک ہوئے۔ شرکا کا کہنا تھا کہ غزہ میں ہزاروں اموات پر بڑی طاقتوں کا خاموش رہنا قابل افسوس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے دفاع کے حق کا یہ مطلب نہیں کہ وہ خواتین اور بچوں کو بھی قتل کرے۔
ادھر میٹ پولیس کا کہنا ہے کہ لندن میں امن و امان قائم رکھنے کےلیے 1500 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔
پولیس نے یہ بھی کہا کہ مظاہرین کو طے شدہ روٹ پر چلنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ خلاف ورزی پر ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔
میٹ پولیس کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی حمایت اور نفرت انگیز تقاریر کرنے والوں کو گرفتار کریں گے۔
غزہ میں اسرائیلی جنگ کی حمایت کرنے پر آسٹریلیا میں نائب وزیراعظم کے دفتر کے باہر احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے دفتر کی دیواروں، کھڑکیوں پر فلسطینی پرچم چسپاں کر دیے۔
ٹوکیو میں مظاہرین نے غزہ میں نسل کشی روکنے اور فلسطین آزاد کرنے کا مطالبہ کیا۔
یمن میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی، فلسطینی پرچم لہراتے ہزاروں افراد نے فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے لگائے۔