مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کاشکوہ کرنے سے قبل ہماری پیشیاں دیکھی جائیں، 7 گھنٹے میں ختم ہونے والا مقدمہ 7 سال سے لٹک رہا ہے۔
اوکاڑہ میں بلال یاسین سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں کےہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ جن کے پاس اوکاڑہ میں امیدوار نہیں وہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کر رہے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ نواز شریف نے کراچی کو اُس وقت امن دیا، جب ان کا وہاں کونسلر بھی نہیں تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت میں ہر فیصلہ تمام جماعتوں کی مشاورت سے کیا گیا، ہمیں 16 مہینوں کی حکومت کے فیصلوں پر پشیمانی نہیں۔
طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ ہم نے سیاسی اثاثہ داؤ پر لگا کر ریاست کو بچایا، ملکی مسائل حل کرنے کے لیے ٹیم صرف نواز شریف کے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلد ایسے الیکشن کرائے جائیں، جس کے نتائج سب تسلیم کریں۔