ٹوکیو یونیورسٹی آف فارن اسٹڈیز کے طلباء کی جانب سے اردو ڈرامہ "آشیانہ” پیش کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ تھے، اس موقع پر سفیر پاکستان نے طلباء کی اردو میں مہارت اور اداکاری کی تعریف کی۔
سفیر رضا بشیر تارڑ نے پروفیسر مامایا کینساکو، پروفیسر ماساتو ٹوریا اور پروفیسر عامر علی خان جیسے قابل احترام اساتذہ کا شکریہ ادا کیا جن کی خاص توجہ نے ثقافتی ترویج اور زبان فہمی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان پروفیسرز کی سرپرستی نے طلباء کو نہ صرف اردو زبان پر مکمل عبور حاصل کرنے میں مدد دی بلکہ وہ اپنی مؤثر اداکاری سے اس کی خوبصورتی بھی نمایاں کرنے میں کامیاب رہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ ایسے ثقافتی پروگرام پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستانہ روابط بڑھانے کی قابلِ ستائش کوشش ہیں۔ ایسی کوششیں ثقافتی سفارت کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔