دبئی میں عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے فنڈ کا اعلان کردیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں غزہ کے شہداء کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
دبئی میں عالمی موسمیاتی کانفرنس کوپ 28 کے صدر جابر السلطان نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ کوپ 28 نے تیل و گیس کمپنیوں کو شریک کر کے دلیری کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فوسل فیول پیدا کرنے والی کمپنیوں سے ڈائیلاگ ضروری ہیں۔ اس کے بغیر صحت مند ماحول کے اہداف حاصل کرنا ناممکن ہے۔
جابر السلطان نے کہا کہ ہمارے اقدام کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ ہمیں مل جل کر مشترکہ لائحہ عمل بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیل پیدا کرنے والی کمپنیاں ہی نقصان دہ گیسز کے اخراج کو کم کرسکتی ہیں۔ دنیا مل کر ہی 2050 تک نیٹ زیرو کاربن اہداف حاصل کرسکتی ہے۔
دریں اثنا خبر ایجنسی کے مطابق فنڈ کا معاہدہ ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے نمائندوں نے تیار کیا تھا۔ فنڈ سے کمزور ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
معاہدے کے تحت امیر ممالک ترقی پذیر ممالک کی مالی مدد کریں گے اور موسمی تبدیلیوں کا شکار ہونے والے ممالک کی مدد کی جائے گی۔